نئی دہلی،10/اکتوبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی کے میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے زیر اہتمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے نے سیاسی بحران اختیار کرلیا ہے۔
دہلی حکومت کے وزیر صحت ستیندر جین نے ہفتے کے روز کہا کہ اگر بی جے پی کے ماتحت ایم سی ڈی اسپتالوں کو چلانے اور طبی اہلکار کی تنخواہ کی ا دائیگی میں قاصر ہے،تو پھر اسپتالوں کو ان کے حوالے کردینا چاہئے۔
خیال رہے کہ ہندوراؤ اور کستوربا گاندھی اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے کئی ماہ تک تنخواہ نہ ملنے پر ہڑتال کی وارننگ دی ہے۔ہفتے کے روز پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ ایم سی ڈی صحت کارکنوں کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کرنی چاہیے۔
دہلی کے وزیر صحت نے کہا کہ بی جے پی مریضوں کی صحت کے متعلق بھی سیاست سے بازنہیں آرہی ہے۔ اگر ہمیں موقع ملے تو ہم بروقت تنخواہ کے ساتھ اسپتال چلا کر عملے کو بہتر کرکے دکھائیں گے۔